انسانی زندگی مسلسل حرکت میں ہے، پھر بھی زندگی کے کئی پہلو ایسے ہیں جن میں بار بار ایک ہی طریقہ اور پرانی رسموں پر عمل کرتے رہنے سے ٹھہراؤ پیدا ہو جاتا ہے۔ اس ٹھہراؤ کو ختم کرنے کے لیے افراد یا جماعتیں سامنے آتی رہتی ہیں، اور ان کے اس کام کو تحریک کہتے ہیں۔ دنیا میں فنونِ لطیفہ اور ادب کی بڑی اہمیت رہی ہے۔ ادب میں بھی کبھی کبھی ٹھہراؤ اور خاموشی کی کیفیت آ جاتی ہے۔ انیسویں صدی میں انقلاب 1857ء کا واقعہ اردو ادب کے لیے بھی بہت اہم تھا، کیونکہ ہمارا ادب ماضی سے جڑا رہتے ہوئے نئی طاقت اور نئی اصناف کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔ اسے وقت کے مطابق بنانے اور با مقصد بنانے میں سرسید یا علی گڑھ تحریک کا بہت اہم کردار ہے، اس کی تفصیل آپ اس اکائی میں پڑھیں گے۔

جنگ پلاسی کے بعد 1757ء میں ہندوستان جدید دور میں داخل ہوا۔ یہ پہلا موقع تھا جب یوروپی تجارتی قوم نے ہندوستان کی سیاست میں چالاکیوں کا فائدہ اٹھا کر اپنا ظالمانہ قبضہ جما لیا۔ بنگال کی بے شمار دولت ہاتھ لگنے کے بعد انگریزوں کی نیت خراب ہو گئی۔ پھر 1764ء کی بکسر کی لڑائی میں مغل، اودھ اور بنگال کی متحدہ افواج کو انگریزوں نے شکست دے کر اپنی فوجی طاقت ثابت کر دی۔ ہندوستان کی دوسری ریاستوں کو بھی آہستہ آہستہ انگریزوں نے شکست دے کر یا کمزور بنا کر لوٹنا شروع کر دیا۔ آخر یہ ظلم کب تک چلتا؟ ہندوستانیوں کے دلوں میں انگریزوں کے خلاف نفرت بڑھنے لگی۔ چنانچہ جنگ پلاسی کے ٹھیک سو سال بعد 1857ء میں انگریزوں کے خلاف پورے ہندوستان میں جنگ لڑ کر انہیں نکالنے کی آخری کوشش کی گئی، لیکن یہ کوشش زیادہ دن کامیاب نہ رہ سکی۔ اس کی کئی وجہیں تھیں، مثلاً اتحاد و اتفاق کی کمی، اچھی اور منظم فوج کا نہ ہونا، انگریزوں کے مقابلے میں کمزور ہتھیار اور اسلحہ، پیغام رسانی اور رابطے کی کمی، انگریزی خفیہ محکمہ کی تیزی اور خود ہندوستانیوں کی مخبری اور غداری وغیرہ۔ ان سب باتوں کی وجہ سے چند مہینوں میں انگریزوں نے پورے انقلاب کو دبا دیا اور صدیوں سے قائم مغل شہنشاہیت کے آخری کمزور چراغ کو بھی ہمیشہ کے لیے بجھا دیا۔

انقلاب 1857ء ہندوستانی تاریخ کے سب سے اہم واقعات میں سے ایک ہے، جس نے ایک نئے ہندوستان کو جنم دیا۔ انگریزوں اور پہلے کی دوسری فاتح قوموں میں ایک بنیادی فرق یہ تھا کہ بعد والی قوموں نے ہندوستان کو غلام نہیں بنایا بلکہ وہ خود یہاں کی تہذیب میں شامل ہو گئیں، جب کہ اس کے برعکس انگریزوں نے ہندوستان کو غلام بنایا۔ نسلی برتری، علمی بڑائی اور فوجی طاقت کا غرور ان میں موجود تھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستانی عوام ذہنی پریشانی میں مبتلا ہو کر احساسِ کمتری کا شکار ہو گئی۔ انہیں اس حالت سے نکالنے کے لیے بہت سے قوم کے رہنما کھڑے ہوئے، جنہوں نے مختلف انداز سے سیاسی، سماجی، تعلیمی اور مذہبی اصلاحی تحریکوں کے ذریعے خلوص کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ ایسے ہی ایک قوم کے رہنما کا نام سرسید احمد خان ہے، جن کی تحریک علی گڑھ تحریک کے نام سے مشہور ہوئی۔

انیسویں صدی کی ان تحریکوں کو ہم دو حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔ ایک کی بنیاد انگریزوں سے سمجھوتے پر تھی، جو مغربی علوم، سائنسی سوچ، منطقی دلیل اور عقل پسندی کی روشنی میں اصلاح کا کام کرنا چاہتی تھی تاکہ کھویا ہوا وقار واپس آ سکے اور انگریزوں کے ذہنوں میں ہندوستانیوں کے بارے میں جو شک و شبہات تھے وہ بھی دور ہو جائیں۔ دوسری طرح کی تحریکوں کی بنیاد انگریزوں سے مخالفت پر تھی، جو مغربی ثقافتی حملے کے سامنے اپنی مشرقی روایات، پہچان، تہذیب اور ثقافت کو ختم نہیں ہونے دینا چاہتی تھیں۔ اس نے عقل کے بجائے عقیدے اور اصلاح کے بجائے پرانی شان کی بحالی پر زور دیا۔ پہلی قسم میں برہمو سماج، پرارتھنا سماج اور علی گڑھ تحریک وغیرہ شامل ہیں، جب کہ دوسری قسم کی تحریکوں میں آریہ سماج، رام کرشن مشن اور دیو بند تحریک وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ 1857ء کے انقلاب میں چونکہ مسلمانوں کا بڑا اہم کردار تھا اور انگریز اس بات سے اچھی طرح واقف تھے، اس لیے انہیں ہر طرف سے نظر انداز کیا گیا۔ سرسید نے اپنی مسلسل کوششوں سے ایک طرف انگریزوں کے خیالات بدلنے کی کوشش کی، تو دوسری طرف مختلف انجمنوں اور علی گڑھ کالج کے قیام، تصنیف، تالیف، مضامین، صحافت اور تقریروں کے ذریعے مسلمانوں کے تعلیمی، سیاسی اور سماجی زوال کو دور کرنے کا کام بھی اپنے ذمہ لیا۔ علی گڑھ تحریک نے ہندوستانی مسلمانوں کی گرتی ہوئی حالت کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ اردو ادب پر بھی گہرا اثر ڈالا۔

یکم اپریل 1869ء کو سر سید انگلینڈ روانہ ہوئے۔ اگرچہ اس سے پہلے اپنی کتابوں اور سائنٹفک سوسائٹی کے اخبار انسٹی ٹیوٹ گزٹ میں لکھے گئے اخلاقی اور سماجی مضامین کے ذریعے انہوں نے اصلاح کا کام شروع کر دیا تھا، مگر اکتوبر 1870ء میں انگلینڈ سے واپس آئے تو ان کے ذہن میں سماجی اصلاح اور تعلیمی منصوبے کا ایک صاف اور واضح خاکہ موجود تھا۔ انہوں نے محمڈن اینگلو اور نینٹل کالج علی گڑھ قائم کر کے تعلیمی مشن کو عملی شکل دی اور تہذیب الاخلاق رسالہ جاری کر کے سماجی اصلاح کا کام انجام دیا۔

تہذیب الاخلاق جسے محمدن سوشل رفارم بھی کہا جاتا تھا، اس کا مقصد یہ تھا کہ قوم میں جدید زندگی کے مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا ہو جائے اور ان تمام برائیوں کو دور کیا جائے جو سماج کو اندر سے کھوکھلا کر رہی ہیں۔ سرسید نے تہذیب الاخلاق کی ایک اشاعت میں سماجی اصلاح سے متعلق 29 نکات پر مشتمل ایک منصوبہ پیش کیا تھا، جن میں سے چند نکات درج ذیل ہیں۔

سب سے پہلے آزادی رائے کو سرسید ضروری سمجھتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انسان کو آزادانہ رائے دینے کا حق ہو تو دنیا کی آدھی برائیاں ختم ہو جائیں گی۔ دین اور دنیا کی جدائی کو وہ غیر ضروری سمجھتے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ بدقسمتی میں دنیا دین کو نقصان پہنچاتی ہے اور خوش قسمتی میں دنیا دین کو بہتر بھی بنا دیتی ہے۔ دین اور دنیا کے بارے میں سرسید کا خیال یہ تھا کہ ایک ہاتھ میں قرآن ہو، دوسرے میں جدید علوم اور سر پر لا الہ الا اللہ کا تاج ہو۔ سرسید قوم میں خود اعتمادی پیدا کرنا چاہتے تھے۔ ان کے نزدیک اس کا مطلب یہ تھا کہ دوسروں کے سہارے نہ رہیں اور اپنے مسائل خود حل کرنا سیکھیں۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب اپنی مدد آپ کا جذبہ پیدا ہو۔ اپنی مدد آپ سے مراد یہ ہے کہ ہر شخص اپنی ترقی کے لیے اپنی طاقت کے مطابق بغیر کسی بیرونی مدد کے خود کوشش کرے۔

یہی جذبہ ترقی کی بنیاد ہے۔ ناامیدی اور مایوسی کو وہ قوم کے لیے انتہائی نقصان دہ سمجھتے تھے۔ سرسید نے اپنے مشن میں بار بار ناکام ہونے کے باوجود کام جاری رکھا اور آخر کار اپنی منزل حاصل کر لی۔ اپنے مضمون ’’امید کی خوشی‘‘ میں انہوں نے مثالوں کے ذریعے اس بات کو خوبصورتی سے سمجھایا ہے۔ رسم و رواج کی اندھی پابندی کو سرسید نے بندر کی نقل سے تشبیہ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف نقل کرنے کے بجائے عقل سے کام لے کر اچھی رسموں کو اپنایا جائے اور بری رسموں کو چھوڑ دیا جائے۔ کاہلی اور سستی کسی کے نزدیک بھی اچھی چیز نہیں، مگر سر سید کے نزدیک سستی کا مطلب صرف جسمانی محنت کی کمی نہیں بلکہ دل اور دماغ کی محنت کی کمی بھی ہے۔ دوسرے لفظوں میں انسان کو اپنی عقل اور سوچ کو قوم کے فائدے کے کاموں میں لگانا چاہیے۔ خوشامد سرسید کے نزدیک دل کی سب سے خطرناک بیماری ہے۔ اس کی وجہ سے انسان خود غرض اور مطلبی ہو جاتا ہے۔ ریاکاری کو انہوں نے تہذیب اور معاشرت کا دشمن کہا ہے۔ ریاکاری انسان کے ظاہر اور باطن کو الگ کر دیتی ہے اور ایسا شخص آسانی سے اپنے دوست کو دھوکہ دے سکتا ہے۔ بحث و تکرار بھی سرسید کے نزدیک اچھی چیز نہیں، کیونکہ اس سے دلوں میں نفرت پیدا ہوتی ہے۔ تعصب کو سر سید نے بدترین عادتوں میں شمار کیا ہے۔ یہ نیکیوں کو ختم اور خوبیوں کو تباہ کر دیتا ہے، اور عدل و انصاف بھی اس کی وجہ سے ختم ہو جاتا ہے۔

ان چند اہم اور قابلِ غور سماجی برائیوں کی طرف سرسید نے توجہ دلائی ہے جنہیں دور کر کے قوم ترقی کر سکتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ برائیاں ہمارے سماج میں پہلے بھی موجود تھیں اور آج بھی موجود ہیں۔ سرسید نے انہیں محسوس کیا، بے خوف ہو کر بیان کیا اور انہیں دور کرنے کی پوری کوشش کی۔

سرسید کا سب سے بڑا کارنامہ ہندوستانی مسلمانوں کو جدید تعلیم کی طرف مائل کرنا ہے۔ وہ قوم کی تمام بیماریوں کا حل مغربی تعلیم میں تلاش کرتے تھے۔ 1857ء کے بعد ملک کے حالات تیزی سے بدل گئے۔ سوچنے کا انداز، رہن سہن، تعلیمی نظام اور نصاب کے ساتھ ساتھ ہر چیز پر اس کے اثرات نظر آنے لگے۔ اب اگر ملازمت حاصل کرنی ہے، سماج میں اچھی زندگی گزارنی ہے، حکومت میں اپنا مقام بنانا ہے اور تجارت، صنعت و حرفت کے میدان میں ترقی کرنی ہے تو جدید تعلیم سے دور نہیں رہ سکتے۔ لیکن مسلمانوں کا مسئلہ یہ تھا کہ صدیوں تک حکومت ان کے پاس رہی تھی، ان کے علوم اور زبان کو دوسری قومیں سیکھتی تھیں۔ اب پہلی بار انہیں اپنی زبان اور علوم چھوڑ کر دوسری زبان اور علوم سیکھنے پڑ رہے تھے، اس لیے وہ فوراً اس کے لیے تیار نہیں تھے۔ سرسید نے وقت کی ضرورت کو سمجھا اور بہت سی مخالفتوں کے باوجود اپنے مشن میں لگے رہے۔ وہ سمجھتے تھے کہ اب مسلمانوں کو بھی جدید علوم حاصل کرنا ضروری ہے۔ ابتدا میں سرسید ہندو اور مسلمانوں دونوں کی تعلیم کے لیے یکساں کوشش کرتے رہے، مگر راجہ رام موہن رائے ہندوؤں میں پہلے ہی تعلیمی بیداری پیدا کر چکے تھے اور ان کے سامنے مسلمانوں جیسا مسئلہ نہیں تھا۔ وہ پہلے عربی اور فارسی پڑھتے تھے، اب انگریزی پڑھنے میں انہیں زیادہ ہچکچاہٹ نہیں تھی۔ تاہم سرسید نے اپنے تعلیمی ادارے کے دروازے غیر مسلموں کے لیے بھی اسی طرح کھلے رکھے جیسے مسلمانوں کے لیے۔

سرسید اس بات کو اچھی طرح جانتے تھے کہ مسلمان فوراً انگریزی سیکھنے پر راضی نہیں ہوں گے۔ اس لیے وہ جدید علوم کی کتابوں کا انگریزی سے اردو میں ترجمہ کرانا چاہتے تھے۔ اگرچہ دہلی کالج کی ورنا کلر ٹرانسلیشن سوسائٹی نے یہ کام شروع کیا تھا، لیکن کالج بند ہو جانے کی وجہ سے یہ کام مکمل نہ ہو سکا۔ اسی مقصد کے لیے سرسید نے غازی پور میں قیام کے دوران 9 جنوری 1869ء کو سائنٹفک سوسائٹی قائم کی۔ بعد میں ان کے تبادلے کے ساتھ یہ سوسائٹی بھی علی گڑھ منتقل ہو گئی۔ اس سوسائٹی نے تقریباً چالیس کتابوں کا انگریزی سے اردو میں ترجمہ کرایا۔

آغاز میں سرسید مادری زبان یعنی اردو کو ذریعہ تعلیم بنانا چاہتے تھے۔ اس کی ایک وجہ وہی تھی جو پہلے بیان ہو چکی ہے کہ مسلمان انگریزی کی طرف مائل نہیں ہو رہے تھے۔ دوسری وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ اگر غیر ملکی زبان میں تعلیم حاصل کی جائے تو دوگنی محنت کرنی پڑتی ہے۔ ایک تو اصل مضمون سمجھنے میں اور دوسرے زبان سیکھنے میں۔ اس کے علاوہ یہ کہ ایسا علم زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہتا۔ اسی لیے ان کے ذہن میں ایک ورنا کلر یونیورسٹی کا منصوبہ موجود تھا۔ مگر برطانیہ کے سفر سے واپس آنے کے بعد ان کے خیالات میں بڑی تبدیلی آ گئی اور وہ اردو کے بجائے انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانے کی زور دار حمایت کرنے لگے۔ اپنے اس مؤقف کے حق میں وہ کہتے ہیں کہ

بہر حال سرسید نے برطانیہ سے واپس آ کر دو بڑے کام کیے۔ ایک مسلمانوں کی سماجی اصلاح کے لیے تہذیب الاخلاق رسالہ جاری کیا اور دوسرا تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لیے محمدن اینگلو اورینٹل کالج قائم کیا۔

مئی 24، 1875 کو مدرسۃ العلوم علی گڑھ یعنی محمڈن اینگلو اورینٹل کالج قائم ہوا۔ سرسید کا قائم کیا ہوا یہ کالج آج ہمارے سامنے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صورت میں موجود ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میں اس یونیورسٹی کا بہت اہم کردار ہے جسے بھلایا نہیں جا سکتا۔ حالانکہ ان کے اس تعلیمی مشن میں رکاوٹیں بھی ڈالی گئیں۔ مولوی امداد علی اور مولوی علی بخش سخت مخالفین میں شامل تھے۔ شبلی نعمانی نے بھی بعض باتوں میں سرسید کی مخالفت کی۔ اکبر الہ آبادی نے شروع میں اپنی شاعری کے ذریعے سرسید پر تنقید کی، مگر بعد میں ان کے مداح بن گئے۔ سرسید کا ساتھ دینے والوں میں الطاف حسین حالی، ڈپٹی نذیر احمد، منشی ذکاء اللہ، محسن الملک، وقار الملک، مولوی سمیع اللہ وغیرہ کے نام آتے ہیں۔ سرسید کے ان ساتھیوں نے بھی تعلیمی اور ادبی خدمات انجام دیں۔

سرسید تعلیم کو سب کے لیے ضروری سمجھتے تھے، مگر تعلیم حاصل کرنے والوں کو وہ چھ حصوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ پہلی قسم ان لوگوں کی ہے جو سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے تعلیم کی طرف آتے ہیں۔ دوسری قسم وہ ہے جو تجارت یا صنعت و حرفت کو ذریعہ معاش بنانا چاہتے ہیں۔ تیسری قسم میں زمین دار اور جاگیردار شامل ہیں (یہ آزادی سے پہلے کا طبقہ ہے)۔ چوتھی قسم میں وہ لوگ آتے ہیں جو مختلف علوم و فنون میں مہارت حاصل کر کے کتابیں لکھنا اور مرتب کرنا چاہتے ہیں۔ پانچواں طبقہ دینی تعلیم حاصل کرنے والوں کا ہے۔ چھٹا گروہ عام لوگوں کا ہے جو تھوڑی سی تعلیم حاصل کر کے اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف رہنا چاہتے ہیں۔ اگر ان سب پر غور کیا جائے تو سرسید کے قائم کردہ محمڈن اینگلو اورینٹل کالج میں زیادہ تر پہلی قسم کے لوگ، یعنی سرکاری ملازمت کے خواہش مند، داخل ہوئے۔ یہاں کے طلبا نے ملازمت کو ہی ترجیح دی اور کالج کے ذمہ داروں کا مقصد بھی یہی تھا کہ ملازمتوں میں مسلمانوں کی نمائندگی بہتر ہو۔

عورتوں کی تعلیم کی طرف سرسید نے زیادہ توجہ نہیں دی۔ ایسا نہیں تھا کہ وہ اس کے مخالف تھے، بلکہ ان کا کہنا تھا کہ جب تک مرد تعلیم یافتہ نہ ہوں، عورتوں کی تعلیم پر توجہ دینا مشکل ہے۔ دوسری وجہ یہ تھی کہ مسلمان اپنی لڑکیوں کو اسکول بھیجنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ جہاں تک ابتدائی تعلیم کا تعلق ہے، اس کا منصوبہ بھی سرسید کے ذہن میں تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ پورے ملک میں ابتدائی تعلیم کے ادارے قائم ہوں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے 1886ء میں محمدن ایجوکیشنل کانفرنس قائم کی۔ بہر حال سرسید کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ تھا کہ مسلمان آخرکار تعلیم کی طرف متوجہ ہو گئے۔

سرسید بہت زیادہ مصروف انسان تھے، پھر بھی انہوں نے لکھنے اور کتابیں تیار کرنے کے لیے وقت نکالا۔ وہ کہا کرتے تھے کہ تصنیف و تالیف میں جتنا دل لگتا ہے اتنا کسی اور کام میں نہیں لگتا۔ اسی لیے انہوں نے سیاسی، سماجی اور تعلیمی خدمات انجام دیتے ہوئے بھی لکھنے پڑھنے کا شوق نہیں چھوڑا۔ ایک اہم بات یہ ہے کہ سرسید کے دوسرے کاموں سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، مگر اردو زبان و ادب کے لیے جو خدمات انہوں نے انجام دیں ان کو دوست اور مخالف سب مانتے ہیں۔

سرسید نے کم عمری میں ہی لکھنا شروع کر دیا تھا اور یہ سلسلہ وفات سے نو دن پہلے تک جاری رہا۔ آخری مضمون انہوں نے تہذیب الاخلاق میں اردو کی حمایت میں لکھا، جبکہ ابتدا اپنے بڑے بھائی کے اخبار سید الاخبار سے کی۔ ان کی پہلی کتاب رسالہ القلوب بذکر محبوب ہے۔ انہوں نے تقریباً ہر موضوع پر لکھا۔ تاریخ کی تین اہم کتابیں آئین اکبری، تاریخ فیروز شاہی اور توزک جہانگیری کو ترتیب دیا۔ دہلی کی عمارتوں کا تفصیلی ذکر آثار الصنادید میں کیا۔ انقلاب 1857ء کے بارے میں تاریخ سرکشی بجنور اور اسباب بغاوت ہند لکھی۔ مذہب پر بھی کئی کتابیں لکھیں، جن میں تفسیر قرآن، تفسیر انجیل (تبین الکلام)، خطبات احمدیہ، ابطال غلامی اور احکام طعام اہل کتاب وغیرہ اہم ہیں۔ کل ملا کر سرسید نے چالیس سے زیادہ کتابیں لکھیں۔ جہاں تک ادب کا تعلق ہے، اس پر الگ سے کوئی باقاعدہ کتاب نہیں لکھی، لیکن اخبار سائنٹفک سوسائٹی (بعد میں علی گڑھ انسٹیٹیوٹ گزٹ) اور تہذیب الاخلاق میں شائع ہونے والے ان کے مضامین سے اندازہ ہوتا ہے کہ اردو زبان، اندازِ بیان اور نثر پر سرسید اور ان کی تحریک کا کتنا گہرا اثر ہے۔ انہوں نے آسان اور سادہ نثر کو فروغ دیا۔ اگرچہ فورٹ ولیم کالج اور خطوط غالب کے ذریعے اس کی ابتدا ہو چکی تھی، مگر یہ انداز ابھی عام نہیں ہوا تھا۔ سرسید اور علی گڑھ تحریک نے اردو ادب کی یہ بڑی خدمت کی کہ مشکل اور بناوٹی نثر کو چھوڑ کر سادہ اور صاف نثر کو ترقی دی۔ دوسرا اہم کام یہ کیا کہ تحریر کو بامقصد اور فائدہ مند بنایا۔ تہذیب الاخلاق میں سرسید کے جو ادبی مضامین یا انشائیے شائع ہوئے، ان میں سے چند یہ ہیں: بحث و تکرار، امید کی خوشی، گزرا ہوا زمانہ، جاڑہ، تعلیم، رسم و رواج کی پابندی، آزادی رائے، سمجھ، دنیا بہ امید قائم ہے، اخلاق، ریاکاری، خوشامد، اپنی مدد آپ وغیرہ۔

سرسید نے اپنے ان تمام مضامین میں انشا پردازی کا کمال دکھایا ہے۔ فطرت کی سچی تصویر کشی، درد انگیزی اثر پذیری، حقیقت نگاری افادیت پسندی وغیرہ ان کی تحریروں کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ ایک بڑا وصف ان کی تحریروں کا یہ بھی ہے کہ علمی اصطلاحات الفاظ اور تعلیمات کو بڑی سادگی صفائی اور دل آویزی سے ادا کیا ہے۔ ان کی تحریر کا ایک نمونہ ملاحظہ ہو۔

اسے پڑھنے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ آسان الفاظ میں انسانی فطرت کی کتنی سچی تصویر کھینچی ہے۔ یہ اثر ان کی تحریروں میں جا بجا ملتا ہے۔ شوخی و ظرافت کی جھلکیاں بھی کہیں کہیں نظر آجاتی ہیں۔

شاعری سے سرسید کی طبیعت کو خاص لگاؤ نہیں تھا۔ البتہ انہوں نے ان کمزوریوں کی طرف اشارہ کیا جو ہماری شاعری میں داخل ہو گئی تھیں۔ شاعروں کو مفید مشورے بھی دیے۔ انجمن پنجاب لاہور کی نگرانی میں جب نئی طرز کی شاعری کو رواج دیا گیا تو محمد حسین آزاد، جو اس انجمن کے اہم رکن تھے، سرسید نے انہیں مبارک باد دی۔ سرسید کی یہ بڑی خواہش تھی کہ شاعری کے ذریعے قوم کو بیدار کیا جائے۔ چنانچہ الطاف حسین حالی سے انہوں نے مسدس، مدوجزر اسلام لکھوائی، جو آج بھی اپنے اثر، اچھے مضامین، سادگی اور خلوص کی وجہ سے اتنی ہی مقبول ہے جتنی پہلے تھی۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو سرسید کی کوششوں سے ادب کی دنیا میں بڑی تبدیلی آ گئی اور کچھ ہی عرصے میں نثر اور نظم کا ایسا ذخیرہ تیار ہو گیا جس پر فخر کیا جا سکتا ہے۔

This post explains the background, objectives, and literary contributions of the Aligarh Movement led by Sir Syed Ahmad Khan after the Revolt of 1857. It describes how the movement aimed to reform Indian Muslim society through modern education, social awareness, and rational thinking. It highlights the establishment of the Muhammadan Anglo-Oriental College (later Aligarh Muslim University), the role of Tahzib-ul-Akhlaq, and the promotion of simple, purposeful Urdu prose. The post also discusses Sir Syed’s social reforms, educational vision, and lasting impact on modern Urdu literature.