
اس مضمون میں
مالی خواندگی کا خلاصہ
مالی خواندگی اس فہم و شعور کا نام ہے جس کے ذریعے انسان اپنے مالی وسائل کو عقل مندی سے استعمال کرتا ہے۔ ایسا انسان اپنے محفوظ مستقبل کے لیے آمدنی کا ایک حصہ بچاتا ہے اور بہتر سرمایہ کاری سے اس رقم میں اضافہ کرتا ہے، تاکہ دستیاب وسائل اور سہولتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔ یہ شعور انسان کو نہ صرف انفرادی طور پر خود مختار بناتا ہے بلکہ اس کی اجتماعی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بناتا ہے۔ مالی خواندگی کا بنیادی اصول یہ ہے کہ مال ہمارا خادم ہے، حاکم نہیں۔ پیسہ تو ہر شخص کماتا ہے، مگر عقل مند وہ ہے جو اسے استعمال کرنے کا طریقہ بھی جانتا ہو۔
اس سلسلے میں تین باتیں سب سے اہم ہیں۔ خرچ کرنا، بچت کرنا اور سرمایہ کاری کرنا۔ خرچ کرتے وقت ہمیں ضرورت اور خواہش کے فرق کو سمجھنا چاہیے اور صرف انھی چیزوں پر پیسہ لگانا چاہیے جن کی واقعی ضرورت ہو۔ کسی چیز کی قیمت اور اس کی حقیقی قدر کا موازنہ کرنا، ممکن ہو تو مختلف دکانوں یا آن لائن ذرائع سے قیمتیں دیکھ لینا، اور آمدنی و اخراجات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنا بھی ضروری ہے، جس کے لیے موبائل کی کئی ایپس موجود ہیں۔ قرض لے کر خرچ کرنے سے حتی الامکان بچنا چاہیے، کیونکہ قرض ایک ذمہ داری ہے، آسائش نہیں۔
بچت وہ رقم ہے جو اخراجات پورے کرنے کے بعد ہمارے پاس باقی رہتی ہے۔ یہ ہمارے مستقبل کو محفوظ بناتی ہے اور اچانک پڑنے والی ضرورتوں اور خاص مواقع میں کام آتی ہے۔ بچت کسی ایک موقع کے لیے نہیں بلکہ روز مرہ زندگی کا مستقل حصہ ہونی چاہیے۔ پہلے لوگ گلک میں پیسے جمع کرتے تھے، اب بینک اکاؤنٹ میں رقم رکھی جاتی ہے۔ بینک اور ڈاک خانے ہمارے مالی نظام کے اہم ادارے ہیں جو رقم محفوظ رکھنے اور لین دین کی سہولت دیتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں، جہاں بینک کم ہوتے ہیں، ڈاک خانہ بچت کھاتہ، بیمہ اور ٹرم ڈپازٹ کی سہولت دیتا ہے، اور حکومت کی کئی فلاحی اسکیموں کی رقم بھی اسی کے ذریعے عوام تک پہنچتی ہے۔ بینک میں بچت کھاتہ عام لوگوں کے لیے ہوتا ہے جس پر کچھ منافع ملتا ہے، چالو کھاتہ زیادہ تر کاروباری لوگوں کے لیے ہوتا ہے جس پر منافع نہیں ملتا، اور فکسڈ ڈپازٹ کھاتے میں رقم ایک مقررہ مدت کے لیے جمع کرائی جاتی ہے اور اس پر نفع کی شرح سب سے زیادہ ہوتی ہے۔
تیسری اہم چیز سرمایہ کاری ہے، یعنی بچت کو بیمہ پالیسی، بینک کھاتے، پبلک پراویڈنٹ فنڈ یا میوچوئل فنڈ جیسے ذرائع میں لگانا تاکہ مزید آمدنی ہو۔ اس سے معیشت میں بھی حرکت پیدا ہوتی ہے۔ مگر سرمایہ کاری سے پہلے اس کی مروجہ صورتوں کا علم ہونا اور ممکنہ خطرات کا اندازہ لگانا ضروری ہے۔ غور و فکر کے بغیر سرمایہ کاری ایسی ہے جیسے بیج بوئے بغیر فصل کی امید رکھنا۔ سب سے بڑا اصول یہی ہے کہ مالی فیصلوں میں عقل کو جذبات پر ترجیح دی جائے، کیونکہ لالچ، ڈر اور دوسروں کی نقل ہی مالی تباہی کی بنیاد بنتے ہیں۔
آج کا دور ڈیجیٹل ہے۔ سکّوں کی جھنکار اور نوٹوں کی چمک کی جگہ موبائل اسکرین نے لے لی ہے، اور یو پی آئی، آن لائن بینک کاری، کریڈٹ کارڈ اور ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے پیسہ انگلیوں کے لمس تک آ گیا ہے۔ ان سہولتوں کے ساتھ سائبر فراڈ کا خطرہ بھی بڑھا ہے، یعنی جعلی لنک، جعلی ایپ، فشنگ میل اور فریب دہ فون کال کے ذریعے لوگوں کے اکاؤنٹ سے رقم اڑا لی جاتی ہے۔ ایسے فراڈ کا شکار وہی لوگ زیادہ ہوتے ہیں جو ٹیکنالوجی سے واقف تو ہیں مگر محتاط نہیں۔ اس لیے ہر لنک پر آنکھ بند کر کے کلک نہیں کرنا چاہیے، او ٹی پی کسی کو نہیں بتانا چاہیے اور ہر ایپ کی اجازت کو سوچ سمجھ کر دینا چاہیے۔
مالی خواندگی ہمیں مالی شمولیت کی طرف لے جاتی ہے، یعنی ایک ایسا نظام جہاں ہر شخص، چاہے گاؤں کا ہو یا شہر کا، مالیاتی سہولتوں تک برابر رسائی رکھتا ہو۔ جس کے پاس آمدنی ہو مگر بینک اکاؤنٹ نہ ہو، وہ محنت کے باوجود ترقی میں پیچھے رہ جاتا ہے، اور مالی شمولیت اسی محرومی کو ختم کرتی ہے۔ کسی ملک کی ترقی صرف اونچی عمارتوں، چوڑی سڑکوں اور کارخانوں سے طے نہیں ہوتی بلکہ اس کے شہریوں کے مالی شعور اور ذمہ داری سے بھی طے ہوتی ہے۔ باشعور شہری اپنی آمدنی کو بہتر طریقے سے سنبھالتے ہیں، باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ اس سے بدعنوانی، قرض کے دباؤ اور فضول خرچی میں کمی آتی ہے اور ملکی معیشت میں شفافیت، نظم و ضبط اور اعتماد بڑھتا ہے۔
خلاصہ یہ ہے کہ مالی خواندگی کا اصل مقصد انسان کو پیسے کے معاملے میں عقل سے کام لینا سکھانا ہے، جذبات سے نہیں۔ جو قوم خرچ، بچت اور سرمایہ کاری کے اصول سمجھتی ہو، ڈیجیٹل دھوکوں سے ہوشیار رہتی ہو اور سب کو مالی سہولتوں تک رسائی دیتی ہو، وہی خوش حال، مضبوط اور خود کفیل بن سکتی ہے۔ اسی لیے مالی خواندگی کو تعلیم، سرکاری پالیسیوں اور عوامی شعور کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔
چند اہم باتیں (Quick Facts)
تین بنیادی نکات۔ خرچ کرنا، بچت، سرمایہ کاری
بنیادی اصول۔ مال ہمارا خادم ہے، حاکم نہیں
بینک کھاتوں کی اقسام۔ بچت کھاتہ، چالو کھاتہ، فکسڈ ڈپازٹ کھاتہ
اہم ادارے۔ بینک اور ڈاک خانہ
ڈیجیٹل ذرائع۔ یو پی آئی، آن لائن بینک کاری، کریڈٹ کارڈ، ڈیجیٹل والیٹ
ڈیجیٹل خطرہ۔ سائبر فراڈ (جعلی لنک، جعلی ایپ، فشنگ میل، فریب دہ فون کال)
ہدف۔ مالی شمولیت (Financial Inclusion)
Objective (MCQs) معروضی سوال و جواب
سوال 1۔ مالی خواندگی کسے کہتے ہیں؟
الف) پیسہ کمانے کے طریقوں کو
ب) اس فہم و شعور کو جس سے انسان اپنے مالی وسائل کو عقل مندی سے استعمال کرتا ہے
ج) صرف بینک میں کام کرنے کو
د) زیادہ خرچ کرنے کی عادت کو
جواب۔ ب) اس فہم و شعور کو جس سے انسان اپنے مالی وسائل کو عقل مندی سے استعمال کرتا ہے
سوال 2۔ مالی خواندگی کے اصول کے مطابق مال ہمارا کیا ہے؟
الف) حاکم
ب) مالک
ج) دوست
د) خادم
جواب۔ د) خادم
سوال 3۔ سبق میں مالی خواندگی کے کون سے تین اہم نکات بیان ہوئے ہیں؟
الف) خرچ کرنا، بچت اور سرمایہ کاری
ب) قرض، ٹیکس اور بیمہ
ج) آمدنی، تجارت اور قرض
د) بینک، ڈاک خانہ اور بیمہ
جواب۔ الف) خرچ کرنا، بچت اور سرمایہ کاری
سوال 4۔ خرچ کرنے سے پہلے ہمیں کس فرق کو سمجھنا چاہیے؟
الف) آمدنی اور ٹیکس کے
ب) ضرورت اور خواہش کے
ج) بینک اور ڈاک خانے کے
د) قرض اور بچت کے
جواب۔ ب) ضرورت اور خواہش کے
سوال 5۔ سامان کی قیمت کے ساتھ کس چیز کا موازنہ لازمی ہے؟
الف) آمدنی
ب) منافع
ج) حقیقی قدر
د) قرض
جواب۔ ج) حقیقی قد
سوال 6۔ سبق کے مطابق قرض کیا ہے؟
الف) آسائش
ب) منافع
ج) بچت
د) ذمہ داری
جواب۔ د) ذمہ داری
سوال 7۔ بچت کیا ہے؟
الف) وہ رقم جو آمدنی سے اخراجات پورے کرنے کے بعد باقی رہ جائے
ب) وہ رقم جو قرض میں لی جائے
ج) وہ رقم جو ٹیکس میں دی جائے
د) وہ رقم جو خرچ ہو جائے
جواب۔ الف) وہ رقم جو آمدنی سے اخراجات پورے کرنے کے بعد باقی رہ جائے
سوال 8۔ پہلے بچت کے لیے عموماً کیا استعمال ہوتا تھا؟
الف) بینک اکاؤنٹ
ب) بیمہ
ج) گلک
د) ڈاک خانہ
جواب۔ ج) گلک
سوال 9۔ دیہی علاقوں میں، جہاں بینکوں کی سہولت محدود ہو، بچت کھاتہ، بیمہ اور ٹرم ڈپازٹ کی سہولت کون فراہم کرتا ہے؟
الف) پنچایت
ب) ڈاک خانہ
ج) اسکول
د) دکان
جواب۔ ب) ڈاک خانہ
سوال 10۔ بچت کھاتہ کس کے لیے کھولا جاتا ہے؟
الف) صرف کاروباری اداروں کے لیے
ب) صرف حکومت کے لیے
ج) عام لوگوں کے لیے
د) صرف ٹیکس دینے والوں کے لیے
جواب۔ ج) عام لوگوں کے لیے
سوال 11۔ چالو کھاتہ زیادہ تر کن کے لیے ہوتا ہے؟
الف) کاروباری افراد یا اداروں کے لیے
ب) طلبہ کے لیے
ج) بچوں کے لیے
د) کسانوں کے لیے
جواب۔ الف) کاروباری افراد یا اداروں کے لیے
سوال 12۔ چالو کھاتے کی کیا خصوصیت ہے؟
الف) اس پر زیادہ منافع ملتا ہے
ب) اس میں لین دین کی مقدار متعین ہوتی ہے
ج) اس میں رقم نکالنا منع ہے
د) اس میں لین دین کی کوئی مقدار متعین نہیں ہوتی لیکن اس پر منافع نہیں دیا جاتا
جواب۔ د) اس میں لین دین کی کوئی مقدار متعین نہیں ہوتی لیکن اس پر منافع نہیں دیا جاتا
سوال 13۔ کس کھاتے میں نفع کی شرح دیگر کھاتوں سے زیادہ ہوتی ہے؟
الف) بچت کھاتہ
ب) چالو کھاتہ
ج) فکسڈ ڈپازٹ کھاتہ
د) ان میں سے کوئی نہیں
جواب۔ ج) فکسڈ ڈپازٹ کھاتہ
سوال 14۔ ڈیجیٹل دور میں سائبر فراڈ سے سب سے زیادہ کون لوگ متاثر ہوتے ہیں؟
الف) جو ٹیکنالوجی سے بالکل ناواقف ہیں
ب) جو بینک نہیں جاتے
ج) جو بہت زیادہ احتیاط کرتے ہیں
د) جو ٹیکنالوجی سے واقف تو ہیں مگر محتاط نہیں ہیں
جواب۔ د) جو ٹیکنالوجی سے واقف تو ہیں مگر محتاط نہیں ہیں
سوال 15۔ ان میں سے سرمایہ کاری کا ذریعہ کون سا ہے؟
الف) میوچوئل فنڈ
ب) ٹیکس
ج) قرض
د) فضول خرچی
جواب۔ الف) میوچوئل فنڈ
سوال 16۔ “Probable Risks” سے کیا مراد ہے؟
الف) ممکنہ فائدے
ب) ممکنہ خطرات
ج) ممکنہ آمدنی
د) ممکنہ بچت
جواب۔ ب) ممکنہ خطرات
سوال 17۔ غور و فکر کے بغیر سرمایہ کاری کو کس سے تشبیہ دی گئی ہے؟
الف) بینک میں رقم جمع کرنے سے
ب) قرض لے کر خرچ کرنے سے
ج) بیج کو زمین میں بوئے بغیر فصل کی امید رکھنے سے
د) فصل کاٹنے سے
جواب۔ ج) بیج کو زمین میں بوئے بغیر فصل کی امید رکھنے سے
سوال 18۔ مالی فیصلوں میں سب سے اہم اصول کیا ہے؟
الف) جذبات کو ترجیح دینا
ب) دوسروں کی نقل کرنا
ج) ہر چیز خرید لینا
د) غور و فکر کو ترجیح دینا اور جذبات کو قابو میں رکھنا
جواب۔ د) غور و فکر کو ترجیح دینا اور جذبات کو قابو میں رکھنا
سوال 19۔ سبق کے مطابق کون سی چیزیں مالی تباہی کی بنیاد ہیں؟
الف) غور و فکر اور محنت
ب) بچت اور سرمایہ کاری
ج) لالچ، ڈر اور دوسروں کی نقل
د) ٹیکس اور بیمہ
جواب۔ ج) لالچ، ڈر اور دوسروں کی نقل
سوال 20۔ سکّوں کی جھنکار اور نوٹوں کی چمک کی جگہ کس نے لے لی ہے؟
الف) بینک کی عمارت نے
ب) موبائل اسکرین نے
ج) ڈاک خانے نے
د) گلک نے
جواب۔ ب) موبائل اسکرین نے
سوال 21۔ سائبر فراڈ کیا ہے؟
الف) جعلی لنک، جعلی ایپ، فشنگ میل اور فریب دہ فون کال کے ذریعے لوگوں کے اکاؤنٹ سے رقم اڑانا
ب) بینک سے قرض لینا
ج) بچت کھاتہ کھولنا
د) ٹیکس ادا کرنا
جواب۔ الف) جعلی لنک، جعلی ایپ، فشنگ میل اور فریب دہ فون کال کے ذریعے لوگوں کے اکاؤنٹ سے رقم اڑانا
سوال 22۔ ڈیجیٹل لین دین میں ان میں سے کون سا کام نہیں کرنا چاہیے؟
الف) ایپ کی اجازت کو جانچنا
ب) لنک پر کلک کرنے سے پہلے سوچنا
ج) او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر کرنا
د) آن لائن محفوظ رہنے کا طریقہ سیکھنا
جواب۔ ج) او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر کرنا
سوال 23۔ مالی شمولیت سے کیا مراد ہے؟
الف) صرف بینک کا نفع بڑھانا
ب) صرف شہر والوں کو سہولت دینا
ج) صرف کاروباریوں کو سہولت دینا
د) ایسا نظام جہاں ہر شخص کو مالیاتی سہولتوں تک برابر رسائی ہو
جواب۔ د) ایسا نظام جہاں ہر شخص کو مالیاتی سہولتوں تک برابر رسائی ہو
سوال 24۔ “حتی الامکان” کے معنی کیا ہیں؟
الف) کبھی نہیں
ب) بساط بھر، جہاں تک ممکن ہو
ج) ہمیشہ
د) بالکل
جواب۔ ب) بساط بھر، جہاں تک ممکن ہو
سوال 25۔ مالی خواندگی کا اصل مقصد کیا ہے؟
الف) انسان پیسے کے بارے میں عقل سے کام لے، جذبات سے نہیں
ب) زیادہ پیسہ خرچ کرنا
ج) قرض لینا
د) صرف بچت کرنا
جواب۔ الف) انسان پیسے کے بارے میں عقل سے کام لے، جذبات سے نہیں
سوچیے اور بتائیے
سوال 1۔ مالی خواندگی کی ضرورت موجودہ دور میں کیوں بڑھ گئی ہے؟
جواب۔ آج کا دور ڈیجیٹل ہے۔ سکّوں کی جھنکار اور نوٹوں کی چمک کی جگہ موبائل اسکرین نے لے لی ہے، اور ایپس، آن لائن بینک کاری، یو پی آئی، کریڈٹ کارڈ اور ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے پیسہ انگلیوں کے لمس تک آ گیا ہے۔ یہ نیا دور سہولتوں سے بھرا ہے، مگر ساتھ ہی سمجھ داری اور احتیاط کا تقاضا بھی کرتا ہے۔ اب صرف پیسہ کمانا کافی نہیں، یہ شعور بھی ضروری ہے کہ اسے کیسے خرچ کیا جائے، بچت اور آمدنی و خرچ میں توازن کیسے رکھا جائے اور قرض سے بچ کر مستقبل کے لیے رقم کیسے محفوظ کی جائے۔ پھر ڈیجیٹل نظام کے ساتھ سائبر فراڈ جیسے نئے خطرات بھی آ گئے ہیں، اس لیے مالی خواندگی کی ضرورت اور اہمیت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
سوال 2۔ سامان کی خریداری کرتے وقت کون سے بنیادی نکات کا خیال رکھنا چاہیے؟
جواب۔ سامان خریدتے وقت درج ذیل نکات کا خیال رکھنا چاہیے۔
سب سے پہلے ضرورت اور خواہش کے فرق کو سمجھنا چاہیے اور حتی الامکان صرف انھی چیزوں پر پیسہ خرچ کرنا چاہیے جن کی واقعی ضرورت ہو۔
قیمت اور اس کی حقیقی قدر کا موازنہ ضرور کرنا چاہیے۔
ممکن ہو تو خریدنے سے پہلے مختلف دکانوں یا آن لائن ذرائع سے قیمتوں کا تقابل کر لینا چاہیے۔
آمدنی اور اخراجات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنا چاہیے، جس کے لیے موبائل فون میں مختلف ایپس موجود ہیں۔
قرض لے کر خرچ کرنے سے حتی الامکان گریز کرنا چاہیے، کیونکہ قرض ایک ذمہ داری ہے، آسائش نہیں۔
سوال 3۔ بچت کے کون سے طریقے زیادہ کارآمد ہیں اور کیوں؟
جواب۔ بچت کے سب سے کارآمد طریقے یہ ہیں۔
پہلے منصوبہ بندی۔ ماہانہ آمد و خرچ کا درست اندازہ لگایا جائے اور اخراجات پورے کرنے کے بعد ایک معقول رقم لازماً بچائی جائے۔ کسی خاص مقصد کے لیے بچت کرنی ہو تو اس کے مطابق مطلوبہ رقم کا صحیح اندازہ ہونا چاہیے۔
بینک اکاؤنٹ میں جمع کرنا۔ پہلے رقم گلک میں رکھی جاتی تھی، مگر اب اسے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرنا زیادہ محفوظ اور مؤثر ہے۔ بچت کھاتے میں کچھ منافع بھی ملتا ہے اور ضرورت کے وقت رقم نکالنے کی سہولت بھی رہتی ہے۔
فکسڈ ڈپازٹ۔ رقم ایک مقررہ مدت کے لیے جمع کرانے پر نفع کی شرح دوسرے کھاتوں سے زیادہ ملتی ہے۔
ڈاک خانہ، بیمہ اور ٹرم ڈپازٹ۔ خاص طور پر دیہی علاقوں میں یہ بچت کا آسان اور محفوظ ذریعہ ہیں۔
بچت کو عادت بنانا۔ بچت صرف کسی خاص موقع کے لیے نہیں بلکہ روز مرہ زندگی کا مستقل حصہ ہونی چاہیے۔
یہ طریقے اس لیے کارآمد ہیں کہ ان سے رقم محفوظ رہتی ہے، اس میں اضافہ ہوتا ہے، اور اچانک پیش آنے والی ضرورتوں اور طویل مدتی مالی مقاصد کو پورا کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
سوال 4۔ ورچوئل لین دین سے آپ کیا سمجھتے ہیں؟ اس میں کیا خطرات پیش آ سکتے ہیں؟
جواب۔ ورچوئل لین دین سے مراد وہ لین دین ہے جو نقد رقم کے بغیر موبائل یا کمپیوٹر کے ذریعے آن لائن کیا جائے، جیسے یو پی آئی، آن لائن بینک کاری، کریڈٹ کارڈ اور ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے ادائیگی۔ یہ طریقہ آسان اور تیز ہے، مگر اس میں کئی خطرات ہیں۔
سائبر فراڈ۔ جعلی لنک، جعلی ایپ، فشنگ میل اور فریب دہ فون کال کے ذریعے لوگوں کے اکاؤنٹ سے رقم اڑا لی جاتی ہے۔
کسی لنک پر آنکھ بند کر کے کلک کرنے سے دھوکا ہو سکتا ہے۔
او ٹی پی کسی کے ساتھ شیئر کرنے سے اکاؤنٹ خالی ہو سکتا ہے۔
ایپ کی اجازت جانچے بغیر انسٹال کرنے سے ذاتی معلومات اور رقم غلط ہاتھوں میں جا سکتی ہے۔
سبق کے مطابق اس کا سب سے زیادہ شکار وہ لوگ ہوتے ہیں جو ٹیکنالوجی سے واقف تو ہیں مگر محتاط نہیں ہیں۔
سوال 5۔ بینکوں کے علاوہ اور کون سے ادارے ہیں جو بچت کی اسکیمیں فراہم کرتے ہیں؟
جواب۔ بینکوں کے علاوہ ڈاک خانہ بھی وہی سہولتیں فراہم کرتا ہے جو بینکوں میں ہوتی ہیں۔ ڈاک خانوں کی خدمات دیہی اور شہری دونوں جگہوں پر پائی جاتی ہیں۔ دیہی علاقوں میں، جہاں بینکوں کی سہولت محدود ہوتی ہے، ڈاک خانہ لوگوں کو بچت کھاتہ، بیمہ اور ٹرم ڈپازٹ کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ حکومت کی کئی فلاحی اسکیموں کی رقم بھی ڈاک خانے کے ذریعے عوام تک پہنچتی ہے۔ اس کے علاوہ بیمہ پالیسی جیسے ذرائع کے ذریعے بھی بچت اور سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔
سوال 6۔ بیمہ اچانک پیش آنے والے حادثات یا بیماری کے وقت کس طرح مدد کرتا ہے؟
جواب۔ بیمہ میں انسان ایک مقررہ رقم (پریمیم) باقاعدگی سے جمع کراتا رہتا ہے، اور اس کے بدلے بیمہ کرنے والا ادارہ اس کی زندگی اور صحت کے لیے مالی تحفظ دیتا ہے۔ اگر اچانک کوئی حادثہ پیش آ جائے یا کوئی شخص بیمار ہو جائے، تو علاج یا نقصان کے اخراجات کا بوجھ پورا خاندان تنہا نہیں اٹھاتا، بلکہ بیمہ کی رقم اس موقع پر کام آتی ہے۔ اس طرح بیمہ ایسی غیر متوقع ضرورتوں میں سہارا بنتا ہے، اور قرض لینے یا جمع پونجی ختم ہو جانے کی نوبت نہیں آتی۔ حکومت کی پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا اور پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا جیسی اسکیمیں اسی مقصد کے لیے ہیں اور بینک اور ڈاک خانے کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچتی ہیں۔
سوال 7۔ بینک میں کتنے قسم کے کھاتے کھلوائے جا سکتے ہیں اور ان کے درمیان کیا فرق ہے؟
جواب۔ بینک میں لوگوں کی ضرورت اور سہولت کے مطابق مختلف قسم کے کھاتے کھلوائے جا سکتے ہیں۔ سبق میں تین بڑے کھاتوں کا ذکر ہے۔
| کھاتہ | کن کے لیے | خصوصیات |
| بچت کھاتہ (Savings Account) | عام لوگوں کے لیے | آمدنی کا کچھ حصہ محفوظ رکھنے کے لیے، اس پر کچھ منافع ملتا ہے اور ضرورت کے وقت رقم نکالنے کی سہولت ہوتی ہے |
| چالو کھاتہ (Current Account) | زیادہ تر کاروباری افراد یا اداروں کے لیے | لین دین کی کوئی مقدار متعین نہیں ہوتی، لیکن اس پر منافع نہیں دیا جاتا |
| فکسڈ ڈپازٹ کھاتہ (Fixed Deposit Account) | جو رقم ایک خاص مدت کے لیے جمع رکھنا چاہیں | رقم مقررہ مدت کے لیے جمع کرائی جاتی ہے اور اس پر نفع کی شرح دوسرے کھاتوں سے زیادہ ہوتی ہے |
ہر کھاتے کی اپنی خصوصیات اور فوائد ہوتے ہیں، اس لیے اپنی ضرورت کے مطابق کھاتہ چننا چاہیے۔
عبارت کی تفہیم
مال ہمارا خادم ہے، حاکم نہیں۔
مفہوم۔ مال و دولت انسان کی ضرورتیں پوری کرنے کا ذریعہ ہیں، انسان کا مالک نہیں۔ ہمیں چاہیے کہ پیسے کو اپنے کام میں لائیں اور اسے عقل مندی سے استعمال کریں، نہ کہ خود اس کے غلام بن جائیں۔ جو شخص لالچ میں پڑ کر پیسے کے پیچھے بھاگتا رہے یا اسے بے سوچے سمجھے اڑاتا رہے، اس پر مال حاکم بن جاتا ہے۔ مالی خواندگی کا بنیادی اصول یہی ہے کہ پیسے کا استعمال انسان کے قابو میں ہو۔ سبق میں اسی لیے کہا گیا ہے کہ ہر شخص پیسہ کماتا ہے مگر عقل مند وہ ہے جو اس کے استعمال کا طریقہ بھی جانتا ہو۔
سکّوں کی جھنکار اور نوٹوں کی چمک کی جگہ موبائل اسکرین نے لے لی ہے۔
مفہوم۔ ایک زمانہ تھا جب لین دین نقد سکّوں اور نوٹوں کے ذریعے ہوتا تھا اور پیسہ ہاتھ میں پکڑ کر گنا جاتا تھا۔ آج ڈیجیٹل دور ہے اور ادائیگی موبائل کی اسکرین پر یو پی آئی، آن لائن بینک کاری، کریڈٹ کارڈ اور ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے ہو جاتی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ پیسے کے لین دین کا طریقہ بدل گیا ہے اور اب پیسہ جیب کے ساتھ ساتھ انگلیوں کے لمس تک آ گیا ہے۔ یہ طریقہ آسان ہے، مگر اس کے ساتھ سمجھ داری اور احتیاط بھی ضروری ہے۔
سب سے زیادہ متاثر وہی لوگ ہوتے ہیں جو ٹیکنالوجی سے واقف تو ہیں مگر محتاط نہیں ہیں۔
مفہوم۔ سائبر فراڈ، یعنی جعلی لنک، جعلی ایپ، فشنگ میل اور فریب دہ فون کال کے ذریعے رقم اڑانے کا سب سے زیادہ شکار وہ لوگ بنتے ہیں جو موبائل، انٹرنیٹ اور ایپس کا استعمال تو جانتے ہیں مگر ان کے خطرات سے ہوشیار نہیں رہتے۔ ایسے لوگ بغیر سوچے کسی لنک پر کلک کر دیتے ہیں، او ٹی پی بتا دیتے ہیں یا کسی بھی ایپ کو اجازت دے دیتے ہیں۔ اس جملے کا سبق یہ ہے کہ صرف ٹیکنالوجی کا علم کافی نہیں، اس کے ساتھ احتیاط بھی لازمی ہے۔
ایک مضبوط قوم وہ ہوتی ہے جس کے افراد مالی معاملات میں باشعور ہوں۔
مفہوم۔ کسی قوم کی طاقت صرف اونچی عمارتوں، چوڑی سڑکوں یا کارخانوں سے نہیں ناپی جاتی، بلکہ اس بات سے بھی کہ اس کے شہری اپنے پیسے کو کتنی سمجھ داری سے سنبھالتے ہیں۔ جب افراد خرچ، بچت اور سرمایہ کاری کے اصول جانتے ہیں، وقت پر ٹیکس دیتے ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں تو ان کی اپنی خوش حالی کے ساتھ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوتی ہے۔ اس سے بدعنوانی، قرض کے دباؤ اور فضول خرچی میں کمی آتی ہے اور معیشت میں شفافیت اور اعتماد بڑھتا ہے۔ اس لیے مضبوط قوم بننے کے لیے مالی شعور بنیادی شرط ہے۔
پڑھیے، سمجھیے اور لکھیے
| حرفِ عطف “و” والے مترادف الفاظ | حرفِ عطف “و” والے متضاد الفاظ |
| فہم و شعور | فوائد و نقصانات |
| غور و فکر | آمد و خرچ |
| فلاح و بہبود | سود و زیاں |
| نظم و ضبط | امیر و غریب |
| مال و دولت | کم و بیش |
انگریزی الفاظ اور ان کے متبادل
| انگریزی لفظ | اردو متبادل | ہندی متبادل |
| Account | کھاتہ | खाता |
| Savings | بچت | बचत |
| Loan | قرض | कर्ज़ |
| Insurance | بیمہ | बीमा |
| Investment | سرمایہ کاری | निवेश |
That completes our guide to Class 9 Urdu Chapter 5, the NCERT Urdu Chapter 5 Maali Khwandgi. Wondering Maali Khwandgi kya hai? It is the skill of spending, saving, and investing money wisely, covered in the Maali Khwandgi summary and the Maali Khwandgi ka khulasa, followed by a Maali Khwandgi question-answer section and a Maali Khwandgi MCQ set of 25 questions. Whether you search for Financial literacy in Urdu or Financial literacy Class 9 Urdu, you will find it explained here, along with more NCERT Class 9 Urdu notes.